عقیدہ ختم نبوت اسلام کی بنیاد اور ایمان کی اساس :مذہبی رہنما
شعائر اسلامی کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جا سکتی:سید محمد کفیل ،شبیر احمد عثمانی
چناب نگر (نامہ نگار)مجلس احرار اسلام کے امیر سید محمد کفیل بخاری، عبداللطیف خالد چیمہ اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی عقیدہ، شریعت محمدیؐ کی اساس اور ایمان کی بنیاد ہے ۔اسلام امن، سلامتی اور آشتی کا دین ہے اور حضور اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرنے سے دنیا و آخرت کی بھلائیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ دین مکمل ضابطۂ حیات ہے ، اس لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا ساتھ دینا اور دین کو سب پر مقدم رکھنا ضروری ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمان کے ایمان کی اساس ہے اور قرآن پاک سرچشمۂ ہدایت ہے ۔ شعائر اسلامی کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی خاص مذہب یا فرقے کا نہیں بلکہ ہم سب کا ملک ہے اور تمام مسائل کا حل قرآن و سنت پر عمل کرنے میں ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔