اٹھارہ ہزاری فیڈر پر اضافی لوڈ، لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

اٹھارہ ہزاری فیڈر پر اضافی لوڈ، لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

کم وولٹیج کے باعث برقی آلات جلنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا :شہری

اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )اٹھارہ ہزاری فیڈر پر دریائی علاقے کے 100 سے زائد ٹرانسفارمرز کا لوڈ ڈالے جانے کے باعث شہریوں کو کم وولٹیج اور طویل بجلی بندش جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے فیسکو چیف اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اٹھارہ ہزاری شہر کے فیڈر پر دریائی علاقے کے 100 سے زائد ٹرانسفارمرز منسلک ہونے کے باعث نہ صرف وولٹیج میں مسلسل کمی رہتی ہے بلکہ دریائی علاقوں میں بجلی کی لائنوں میں کسی بھی قسم کا نقص پیدا ہونے پر شہری علاقوں کی بجلی بھی گھنٹوں کے لیے معطل کر دی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کم وولٹیج کے باعث ان کے برقی آلات جلنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے ، جبکہ یہ مسئلہ بدستور برقرار ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ دریائی علاقے کا بجلی کا لوڈ پہلے کی طرح ماڑی فیڈر پر منتقل کیا جائے ۔تاکہ شہری آبادی کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔شہریوں نے فیسکو چیف اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے فیڈر پر اضافی لوڈ کم کیا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں