ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں
پیاز 400 جبکہ ٹماٹر 400 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ملک بھر کی طرح جھنگ میں بھی مہنگائی میں مسلسل اضافے نے شہریوں، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ٹماٹر، پیاز اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران پیاز 400 سے 500 روپے جبکہ ٹماٹر 400 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، جس کے باعث عام آدمی کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا دشوار ہو گیا ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب طبقے کی قوتِ خرید بری طرح متاثر کر دی ہے اور کئی خاندان دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے ، سبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔