پٹرول سستا،حکومت عوام کو حقیقی ریلیف دے : جماعت اسلامی

پٹرول سستا،حکومت عوام کو حقیقی ریلیف دے : جماعت اسلامی

صورتحال صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی بدترین نااہلی کا ثبوت ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، چودھری محمد سلیم، میاں طاہر ایوب اور انوارالحق ایڈووکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی بدترین نااہلی، غفلت اور عوام دشمن طرزِ حکمرانی کا واضح ثبوت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پٹرول مہنگا ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز اور تاجر چند گھنٹوں میں کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں، لیکن پٹرول سستا ہونے پر حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بن جاتے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکمے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ حکومتی رٹ صرف عام شہریوں پر نظر آتی ہے ، جبکہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ٹرانسپورٹ مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے کہ وہ عوام کا استحصال جاری رکھیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں کا ازسرنو تعین کرے ،انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں