گلبرگ اور لکڑ منڈی روڈ پر آپریشن، درجنوں تجاوزات مسمار

 گلبرگ اور لکڑ منڈی روڈ پر آپریشن، درجنوں تجاوزات مسمار

سڑکیں، فٹ پاتھ تجاوزات سے پاک ، دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے چالان

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلبرگ اور لکڑ منڈی روڈ پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد پختہ اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ آپریشن رات گئے تک جاری رہا، جس کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا کاروباری سامان قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ 50 سے زائد دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے خلاف چالان مرتب کرکے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت بھجوا دیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات اور عوامی گزرگاہوں پر قائم غیر قانونی قبضے فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔ اس پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون جنید حسن منج کی نگرانی اور اسٹیٹ آفیسر فاران ہاشمی کی سربراہی میں انسپکٹر اسلم انصاری اور دیگر عملے پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بھاری مشینری کے ساتھ گرینڈ آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران کھانے پینے کی اشیا، پھل فروشوں اور دیگر دکانداروں کی جانب سے سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر دیا گیا، جبکہ تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا تاکہ سرکاری اراضی واگزار کرائی جا سکے اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں