ٹوبہ :سرکاری قبرستان میں تدفین پر مبینہ پابندی، نوٹس کا مطالبہ

ٹوبہ :سرکاری قبرستان میں تدفین پر مبینہ پابندی، نوٹس کا مطالبہ

چک نمبر 328 ج ب کے کینال روڈ پر واقع قبرستان میں پابندی کا بورڈآویزاں اقدام بنیادی حقوق کے منافی ،امتیازی پابندی ختم کیجائے ، بورڈ ہٹایا جائے :شہری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہر کے علاقے چک نمبر 328 ج ب کے کینال روڈ پر واقع سرکاری قبرستان میں تدفین کے معاملے پر تنازع سامنے آگیا، جہاں اہلِ گاؤں کی قائم کردہ ایک نجی کمیٹی نے ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں کی تدفین پر مبینہ پابندی عائد کر دی ہے ، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق محلہ مصطفی آباد، حضور گارڈن، گارڈن ٹاؤن، فیض کالونی، فاطمہ ٹاؤن، بشریٰ ٹاؤن، ستارہ کالونی، فواد حسیب ٹاؤن اور دیگر ملحقہ آبادیوں کے مکین برسوں سے اس قبرستان میں اپنے عزیز و اقارب کی تدفین کرتے آ رہے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں قبرستان کے باہر ایک بورڈ آویزاں کیا گیا، جس پر درج ہے کہ قبرستان بھر چکا ہے ، لہٰذا یہاں صرف چک نمبر 328 ج ب کے رہائشیوں کی تدفین ہوگی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسلامی تعلیمات، انسانی اقدار اور بنیادی شہری حقوق کے منافی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے مؤقف اختیار کیا کہ شہر کے دیگر سرکاری قبرستانوں کی انتظامی کمیٹیاں باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن کے تحت قائم کی جاتی ہیں، جبکہ اس قبرستان کی کمیٹی کسی قانونی اختیار کے بغیر فیصلے نافذ کر رہی ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ، امتیازی پابندی ختم کی جائے ، بورڈ ہٹایا جائے ، تدفین میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں