ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا فیصلہ

کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ کا دورہ ،مختلف بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لیا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بیوٹیفکیشن منصوبوں اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں میں شفافیت کی جانچ کے لیے تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ بات کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب و پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شاہ زمان لک، ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک اور سابق ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کے ہمراہ مختلف بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے دکانداروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔کمشنر نے کہا کہ تحقیقات مکمل شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی جبکہ تعمیراتی میٹریل کی لیبارٹری ٹیسٹنگ بھی کرائی جائے گی۔

اگر ناقص میٹریل کے استعمال کی تصدیق ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں اعلیٰ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر عمران حامد شیخ نے گزشتہ روز ہونے والی ریکارڈ بارش سے متاثرہ صدر بازار اور کمیٹی بازار میں نصب شیڈز کی فوری مرمت اور بحالی کے احکامات بھی جاری کیے ۔ انہوں نے بارشی پانی کی نکاسی کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور مزید مؤثر انتظامات کی ہدایت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...