تجاوزات کے خلاف آپریشن، غیرقانونی تعمیرات مسمار
ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر کارروائی، مین شاہراہ کلیئر، شہریوں نے اقدام کو سراہا
مظفر گڑھ (سٹی رپورٹر) عوامی شکایت پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ حاجی حافظ عثمان طاہر خان جپہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ کو خان گڑھ میں قائم تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔ احکامات کی روشنی میں جمعرات کے روز پیرا فورس، میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ عملے نے مشترکہ طور پر خان گڑھ کے مین روڈ، شہر بازار اور گردونواح میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دکانوں کے سامنے قائم غیرقانونی تجاوزات ہٹا دی گئیں، ٹریکٹر کی مدد سے اونچے تھڑے مسمار کیے گئے جبکہ راستوں میں رکاوٹ بننے والا متعدد سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
آپریشن کے نتیجے میں مین شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال ہوئی اور پیدل چلنے والوں کو بھی آمدورفت میں سہولت میسر آئی۔ پیرا فورس کے مطابق عوامی راستوں پر کسی قسم کی غیرقانونی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دوسری جانب شہریوں، تاجروں اور مختلف عوامی و سماجی حلقوں نے تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ حاجی حافظ عثمان طاہر خان جپہ اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments