چہلم حضرت امام حسینؓ: چنیوٹ میں امن کمیٹی کا اجلاس
فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے :ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف کی زیرِ صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے پرامن انعقاد کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے علما کرام، تاجر نمائندگان، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں چہلم کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی، جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، ٹریفک پلان، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ، حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے گی جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جائے گی۔
اجلاس میں شریک علماء کرام، تاجر نمائندگان اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments