آزاد کشمیر انتخابات : چنیوٹ میں پولنگ انتظامات کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت اجلاس
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈاکٹر نوید عاطف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات 2026 کے سلسلے میں ضلع چنیوٹ کی چار آبادیوں میں مقیم کشمیری ووٹرز کے لیے قائم کیے جانے والے پولنگ سٹیشنز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چنیوٹ اسد اللہ عتیق نے پولنگ سٹیشنز کی تیاری، ووٹرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات، پولنگ عملے کی تعیناتی، سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، بجلی، پانی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق تمام پولنگ سٹیشنز پر بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کشمیری ووٹرز پرامن، شفاف اور منظم ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے تاکہ امن و امان برقرار رہے اور ووٹرز کو محفوظ ماحول میسر آ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments