کھلے مین ہولز، غفلت برتنے والے جیل جائینگے :کمشنر
تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز تین روز کے اندر اپنا فوکل پرسن نامزد کریں:عمران حامد شیخ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے خبردار کیا ہے کہ ڈویژن بھر کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اگر مین ہولز سو فیصد کور نہ ہوئے تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے ۔وہ مون سون سیزن کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ، منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا اور محکمہ انہار کے افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز تین روز کے اندر اپنا فوکل پرسن نامزد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اگر کسی معائنے کے دوران کسی سوسائٹی میں مین ہول کھلا پایا گیا تو متعلقہ سوسائٹی کے ذمہ داران کے ساتھ این او سی جاری کرنے والے محکمے کے متعلقہ افسر کیخلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں واسا اور محکمہ انہار نے مون سون انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران نشیبی علاقوں میں مشینری اور عملہ ہر وقت تعینات رکھا جائے ، سیوریج لائن سے محروم علاقوں کی نشاندہی کرکے مون سون تیاریوں سے متعلق جامع چیک لسٹ بھی تیار کی جائے ۔کمشنر عمران حامدنے مزید ہدایت کی واسا مون سون کے دوران ویسٹ واٹر خارج کرنے والی صنعتوں کی نشاندہی کرے ،اجلاس میں محکمہ انہار نے فلڈ کنٹرول پلان پر بریفنگ دی، کمشنر نے ہدایت کی دریاؤں کے حفاظتی بندوں کی مؤثر نگرانی اور حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments