یونیورسٹی آف کمالیہ قومی معیار کی ہاکی ٹیم تشکیل دیگی :وی سی
پیرمحل میں ہاکی چیمپئن رانا شفیق کی جانب سے منعقدہ ہاکی سمر کیمپ کا افتتاح
کمالیہ (نمائندہ خصوصی)یونیورسٹی آف کمالیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے پیرمحل میں عالمی ہاکی چیمپئن رانا شفیق خان کی جانب سے منعقدہ ہاکی سمر کیمپ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ ایک صحت مند، باصلاحیت اور متحرک معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے ۔ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی آف کمالیہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں قومی معیار کی ہاکی ٹیم تشکیل دے گی تاکہ علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آ سکیں۔وائس چانسلر نے عالمی ہاکی چیمپئن رانا شفیق خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور اس کی کھوئی ہوئی عظمت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments