آئرلینڈ کے نائب سفیر کا تجارتی تعلقات کے فروغ پر اتفاق
ڈاکٹر عمران حامد شیخ سے ڈیکلن جانسٹن کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات پر گفتگو
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ سے پاکستان میں آئرلینڈ کے سفارت خانے کے نائب سربراہ ڈیکلن جانسٹن نے ملاقات کی۔ کمشنر نے معزز مہمان کو فیصل آباد آمد پر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ فیصل آباد اور آئرلینڈ کے درمیان بالخصوص تجارتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔کمشنر نے بتایا کہ بطور ڈائریکٹر جنرل ماحولیاتی تحفظ ادارہ گزشتہ دو برس کے دوران صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اداروں کو گندے پانی کی صفائی کے پلانٹ نصب کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ صنعتوں کی منتقلی کے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی شرائط پوری کرنے کے لیے صنعتی اداروں کی رہنمائی اور معاونت کی جا رہی ہے تاکہ برآمدات میں مزید اضافہ ممکن بنایا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ملک کا بڑا صنعتی مرکز ہے اور صنعتوں کو ماحولیاتی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا اولین ترجیح ہے ۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے سے تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں پائیدار ترقی کا نمونہ متعارف کرایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments