ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کا دورہ جڑانوالہ ، ٹی ایچ کیوہسپتال کا معائنہ
مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، ترقیاتی منصوبوں پر ہدایات
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق نے جڑانوالہ کا دورہ کرتے ہوئے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ کیا۔انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت ان کے ثمرات مل سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف وارڈز، شعبئہ ہنگامی امداد اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر نعمان صدیق نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور ضروری طبی مشینری کی کمی جلد پوری کی جائے گی، جبکہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر شعبئہ ہنگامی امداد کو بھی توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں جڑانوالہ تک گرین بس سروس بھی شروع کی جائے گی تاکہ شہریوں کو معیاری سفری سہولت میسر آ سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے مرکزی قبرستان میں جگہ کی کمی کا مسئلہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments