الخدمت فاؤنڈیشن گوجرہ کے زیر اہتمام مستحق افراد میں ویل چیئرز تقسیم
گوجرہ (نمائندہ دنیا) الخدمت فاؤنڈیشن گوجرہ کے زیر اہتمام معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کرنے کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی،
جس کے مہمان خصوصی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے امیر ڈاکٹر عطاء اللہ حمید تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن معذور اور مستحق افراد کی بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر دم کوشاں ہے ۔ ویل چیئرز کی تقسیم کا بنیادی مقصد معذور افراد کی معاونت اور انہیں معاشرے کا متحرک و خودمختار رکن بنانا ہے ۔تقریب سے محمود احمد عزمی، امیر جماعت اسلامی پی پی 119، حیدر علی چوہدری، امیر جماعت اسلامی پی پی 120، اور حافظ افتخار الحق واہلہ، امیر جماعت اسلامی شہر گوجرہ، نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر عطاء اللہ حمید نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب دکھی انسانیت کی خدمت کے سفر پر گامزن ہے ۔ معذور افراد معاشرے کا اہم اور قابل احترام حصہ ہیں اور ان کی قدم قدم پر معاونت کرنا ہم سب کی اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے ۔ تقریب کے اختتام پر معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کی گئیں، آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments