غیر قانونی روٹس پر گاڑیوں کو اجازت نہیں دینگے :اے سی کمالیہ

غیر قانونی روٹس پر گاڑیوں کو  اجازت نہیں دینگے :اے سی کمالیہ

کمالیہ (نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات، صحت مند ماحول اور فوری ریلیف کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، جبکہ ٹریفک قوانین، انسدادِ ڈینگی اقدامات اور شہری شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر کی زیرِ صدارت ٹرانسپورٹرز کے اجلاس میں شہر میں ٹریفک کے نظم و ضبط، روٹس کی پابندی اور مسافر گاڑیوں کے مقررہ سٹاپس کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی یا بلا منظوری روٹس پر چلنے والی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام بسوں اور ویگنوں کو جنرل بس سٹینڈ کے مقررہ سٹاپ پر رکنا ہوگا، جبکہ مقررہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی عمل، تعلیمی سرگرمیوں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے مختلف مضامین کے حوالے سے سوالات کیے اور تدریسی معیار مزید بہتر بنانے سمیت سکول میں صفائی ستھرائی اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر کی زیرِ صدارت تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں ڈینگی لاروا سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی، صفائی ستھرائی اور فیلڈ مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر لاروا کی ممکنہ افزائش گاہوں کی باقاعدگی سے چیکنگ اور انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو ان کے بروقت ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...