پی پی 107 میں 20 ہزار آبادی بنیادی سہولیات سے محروم

پی پی 107 میں 20 ہزار آبادی بنیادی سہولیات سے محروم

بچیوں کیلئے ایک بھی مڈل یا ہائی سکول نہیں، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، ناقص نکاسی آب

پینسرہ (نمائندہ دنیا )پی پی 107 اور این اے 99 کے عوام نے اپنے حلقے کو مسائلستان قرار دیتے ہوئے منتخب نمائندوں کی مبینہ عدم توجہی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل بلند و بانگ دعوے اور وعدے کرنے والے امیدوار کامیابی کے بعد عوام سے غائب ہوگئے ، جبکہ حلقے میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، گندا پانی، کوڑے کے ڈھیر، ناقص نکاسی آب، کچی رابطہ سڑکیں اور متعدد آبادیوں میں بجلی و گیس جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی حکومتی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق پی پی 107 کی یونین کونسل 144 کے متعدد دیہات آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بیشتر دیہات کو ملانے والی رابطہ سڑکیں تاحال پختہ نہیں ہوسکیں جبکہ چک نمبر 245 کی اہم رابطہ سڑک برگیڈیئر روڈ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوکر کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے۔

سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ صاف پینے کے پانی کی سہولت بھی دستیاب نہیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یونین کونسل 144 میں تقریباً 10 ہزار ووٹرز اور 20 ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی موجود ہے ، تاہم بچیوں کے لیے ایک بھی مڈل یا ہائی سکول نہیں۔ پوری آبادی کے لیے صرف دو پرائمری سکول ہونے کے باعث طالبات کو پرائمری تعلیم کے بعد مزید تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جبکہ وسائل کی کمی کے باعث متعدد بچیاں تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق درجنوں دیہات کی اضافی آبادیوں میں آج بھی بجلی جیسی بنیادی سہولت دستیاب نہیں، جبکہ گیس کی سہولت کا بھی نام و نشان نہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...