فیصل آباد بورڈ کے 3 ملازمین میں حج کے لیے چیکس تقسیم
طلحہ مقبول، میاں محمد قاسم اور محمد فیاض قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کئے گئے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے تین خوش نصیب ملازمین میں چیکس تقسیم کرنے کی پروقار تقریب چیئرمین آفس میں منعقد ہوئی۔چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے ملازمین طلحہ مقبول، میاں محمد قاسم اور محمد فیاض میں حج کی ادائیگی کے لیے چیکس تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ حج ایک عظیم دینی فریضہ اور اللہ تعالیٰ کی جانب سے عطا ہونے والی بڑی سعادت ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ منتخب ملازمین کے سفر حج کو آسان فرمائے ، ان کی عبادات کو شرف قبولیت عطا کرے اور انہیں خیر و عافیت کے ساتھ وطن واپس لائے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور انہیں دینی و سماجی خوشیوں میں شریک کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے ، جبکہ حج کی سعادت کے لیے شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے ملازمین کا انتخاب ایک خوش آئند اقدام ہے ۔تقریب میں پرائیویٹ سیکرٹری ٹو چیئرمین رانا جمشید علی، صدر بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ثاقب علوی، جنرل سیکرٹری نسیم گجر، اسسٹنٹ سیلری سیکشن محمد اسلم اور پی آر او بورڈ ساجد نقوی سمیت دیگر افسر اور ملازمین بھی موجود تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments