پرائس کنٹرول نظام ناکام ، گرانفروش بے لگام

 پرائس کنٹرول نظام  ناکام ، گرانفروش بے لگام

سبزیاں، پھل، گوشت، مرغی، دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خورونوش من مانی قیمتوں پر فروخت ، وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلع بھر میں پرائس کنٹرول نظام کی مبینہ ناکامی اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص نگرانی کے باعث گرانفروش بے لگام ہوگئے ، سبزیاں، پھل، گوشت، مرغی، دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری نرخ ناموں کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے لگیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور کمشنر فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے ، گرانفروشی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد بار سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، تاہم فیصل آباد میں ان احکامات پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق شہر کے بیشتر علاقوں میں اشیائے خورونوش سرکاری ریٹ لسٹ سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر بازاروں اور دکانوں پر سرکاری نرخ نامے آویزاں ہی نہیں، جبکہ جہاں ریٹ لسٹیں موجود ہیں وہاں بھی ان پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جارہا۔

سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر من مانی ردوبدل جاری ہے ، جبکہ دودھ اور دہی بھی متعدد علاقوں میں مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی شکایات ہیں۔شہریوں کے مطابق متعلقہ افسران کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں مؤثر ثابت ہونے کے بجائے بیشتر اوقات فوٹو سیشن اور کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتی ہیں، جس کے باعث گرانفروش عناصر سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھلے عام من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔پنجاب کے پرائس کنٹرول میکنزم کے تحت ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مارکیٹوں کی چیکنگ، گرانفروشوں پر جرمانے عائد کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کا اختیار حاصل ہے ۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ نظام مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...