گوجرہ:جعلی پاپڑ، سلانٹی تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا
گوجرہ(نمائندہ دنیا)ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے گوجرہ میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی و غیر معیاری پاپڑ، سلانٹی اور سنیکس تیار کرنے والے یونٹ کو پکڑ لیا۔
کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں کی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے چھاپے کے دوران بچوں کے کھانے کے لیے تیار کیے گئے جعلی و غیر معیاری پاپڑ، سلانٹی اور سنیکس کے 21 ہزار 600 پیکٹس ضبط کرلیے ۔ یونٹ میں مبینہ طور پر حشرات زدہ اجزاء استعمال کرکے غیر معیاری اشیائے خورونوش تیار کی جا رہی تھیں۔کارروائی کے دوران ڈیڑھ من سے زائد حشرات زدہ اجزاء اور 26 کلو جعلی پیکیجنگ میٹریل بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان گوجرہ میں تیار ہونے والی غیر معیاری مصنوعات کی پیکنگ پر جعلسازی کرتے ہوئے گوجرہ کے بجائے فیصل آباد کا جعلی پتہ درج کر رہے تھے ۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونٹ سیل کردیا جبکہ ملزم کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ غیر معیاری، جعلی اور مضر صحت پاپڑ، سلانٹی اور سنیکس بچوں میں مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments