صحت دشمنوں کیخلاف ایکشن ، ناقص خوراک تلف، بھاری جرمانے عائد

 صحت دشمنوں کیخلاف ایکشن ، ناقص خوراک تلف، بھاری جرمانے عائد

سیفٹی ٹیموں کی ملتان ،خانیوال، وہاڑی میں ہوٹلز،سویٹ یونٹس، ملک شاپس،کریانہ سٹورز کی انسپکشن، 50لٹر سوڈا واٹر، 18کلو زائد المیعاد خوراک،چائنہ نمک تلف کردیا

ملتان، خانیوال، وہاڑی (لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ خصوصی) غیر معیاری خوراک بیچنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں ہوٹلز، سویٹس یونٹس، ملک شاپس اور کریانہ سٹورز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے ، ملتان میں ملک شاپ کی اصلاح تک پروڈکشن بند، 50 لٹر سوڈا واٹر، 18 کلو زائدالمیعاد خوراک، 5 کلو چائنہ نمک تلف۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مین بازار رشید آباد، مین مارکیٹ ممتاز آباد، الفلاح ٹاؤن مظفرگڑھ روڈ پر واقع 3 بیکریوں کو پروڈکشن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات ہونے ، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے ، خریدوفروخت کا ریکارڈ موجود نہ ہونے پر مجموعی طور پر 65 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔

اسی طرح سیوڑہ چوک میں ملک شاپ کو پروڈکشن ایریا میں واش روم کی موجودگی پر اصلاح تک کام سے روک دیا گیا۔ اس کے علاوہ 2 بیوریجز یونٹس کو ناقص قلفیاں فروخت کرنے ، پروڈکشن ایریا میں مکڑیوں کے جالے پائے جانے اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی ہونے پر 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، کارروائیاں اڈہ محسن وال اور سٹلائٹ ٹاؤن میاں چنوں میں کی گئیں۔ مزید خانیوال روڈ کبیر والا میں ریسٹورنٹ کو کھانوں کی تیاری میں کھلے مصالحہ جات کا استعمال کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ مزید برآں وہاڑی میں 4 فوڈ پوائنٹس کو کھانوں کی تیاری میں پابندی کے باوجود چائنہ نمک کا استعمال کرنے ، فریزر میں گندگی پائے جانے ، ایکسپائرڈ اشیاء کی سٹوریج اور آئل کی تبدیلی کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...