ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کشادگی و توسیع منصوبہ پر کام تیزی سے جاری

 ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کشادگی و توسیع منصوبہ پر کام تیزی سے جاری

چیئر مین سی ڈی اے سہیل اشرف کا منصوبہ کا دورہ،کام مقررہ وقت میں معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت امید ہے محسن نقوی کے وژن ، چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں ترقی کا سفرجا ری رہے گا ، شہریوں کا اظہار اطمینان

   اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں سی ڈی اے اسلام آباد کو جدید، بہترین مواصلاتی رابطوں کا حامل، محفوظ، با سہولت اور عوام دوست وفاقی دارالحکومت بنانے کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے ،اسی سلسلہ میں ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کشادگی و توسیع منصوبہ پرکام تیزی سے جا ری ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے گزشتہ روز ایکسپریس وے سروس روڈ ایسٹ کشادگی و توسیع منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں منصوبہ پر کام کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور منصوبے پر عملدرآمد کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیے جا ئیں، منظور شدہ ڈیزائن، تکنیکی وضاحتوں، مقررہ معیار اور ٹائم لائن کا خیال رکھا جا ئے ، انہوں نے کہا ترقیاتی منصوبوں کی صرف بروقت تکمیل ہی کافی نہیں۔

بلکہ ان کے تعمیراتی معیار، پائیداری، حفاظت اور فعالیت کے اعلیٰ ترین معیارات کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے ۔ اسلام آباد کے مختلف اہم مقامات پر انڈر پاسز، اوور ہیڈ برجز اور پیدل چلنے والوں کے لیے پلوں سمیت متعدد اہم ترقیاتی منصوبے مکمل اور تعمیر کیے گئے ہیں جو اسلام آباد میں زیادہ منظم، مو ثر اور محفوظ ٹرانسپورٹ نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں شہری سہولت کو اولین ترجیح دینا سی ڈی اے کا ایجنڈا ہے ۔شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا گیا ، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی موثر قیادت میں سی ڈی اے کا ترقی کا یہ سفر اسی جذبے ، معیار، بروقت تکمیل اور شہری سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے جاری رہے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...