سول ہسپتال گوجرہ میں پارکنگ فیس کی زائد وصولی، غنڈہ گردی
گوجرہ (نمائندہ دنیا) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ میں پارکنگ فیس کے نام پر مبینہ طور پر مقررہ فیس سے زائد وصولی اور شہریوں کے ساتھ بدتمیزی و غنڈہ گردی کے واقعات پر مریضوں اور لواحقین میں تشویش پائی جاتی ہے۔
سول ہسپتال گوجرہ میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین سے مبینہ طور پر مقررہ پارکنگ فیس سے زائد رقم وصول کی جا رہی ہے۔ زائد فیس کی وصولی پر احتجاج کرنے والے شہریوں کے ساتھ ٹھیکیدار کے کارندے مبینہ طور پر تلخ کلامی اور ہاتھا پائی پر اتر آتے ہیں جبکہ انہیں خوفزدہ کرنے کی بھی کوشش کی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کے علم میں معاملہ ہونے کے باوجود مبینہ طور پر ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث صورتحال بدستور برقرار ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مطالبہ کیا ہے کہ پارکنگ فیس کی مقررہ شرح پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے ساتھ مبینہ بدتمیزی و غنڈہ گردی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments