جھنگ میں بجلی بندش، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ
رات کو 4 گھنٹے تک بجلی بند، بچے ، بزرگ اور بیمار افراد سب سے زیادہ متاثر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شدید گرمی اور حبس کے دوران جھنگ میں رات کے اوقات میں جاری مبینہ بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے ۔ بجلی کی بار بار اور طویل بندش کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں جبکہ گرمی کی شدت میں بچے ، بزرگ اور بیمار افراد شدید اذیت کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق بجلی کی آمد و رفت کا کوئی واضح شیڈول نہیں، کبھی اچانک بجلی بند کردی جاتی ہے اور کبھی خرابی یا دیگر وجوہات کا جواز پیش کیا جاتا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں چار گھنٹے تک بجلی کی بندش شدید گرمی میں کسی عذاب سے کم نہیں۔
بجلی بند ہونے کے دوران پنکھے اور پانی کی موٹریں بند رہنے سے گھریلو معمولات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات جبکہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو گرمی سے شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔طویل لوڈشیڈنگ نے تعلیمی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے ۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بجلی نہ ہونے کے باعث انہیں پڑھائی میں دشواری پیش آتی ہے، جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب بجلی کی غیر یقینی صورتحال سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ دکانداروں اور کاروباری افراد کے مطابق اچانک بجلی بند ہونے سے کاروبار رک جاتا ہے۔ برقی آلات کے استعمال میں دشواری پیش آتی ہے اور صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments