مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا، قوتِ خرید جواب دے گئی
حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام، غریب اور سفید پوش طبقہ مشکلات سے دوچار
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) جھنگ اور گردونواح میں کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ اشیائے خورونوش اور ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ عوامی سماجی حلقوں نے حکومت سے مہنگائی پر فوری قابو پانے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔عوامی سماجی حلقوں کے مطابق مہنگائی کے باعث عام آدمی کی قوتِ خرید تقریباً ختم ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے محض دعوؤں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دیہاڑی دار مزدور اور کم آمدن والے افراد کے لیے گھر کا نظام چلانا انتہائی دشوار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے عوام دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ آٹا، گھی، چینی اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش مہنگی ہونے کے ساتھ ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے بھی غریب خاندانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک دیہاڑی دار اگر ایک ہزار روپے روزانہ کماتا ہے تو اس معمولی آمدن میں وہ آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر ضروریات پوری کرے یا گھر میں موجود مریض کی ادویات خریدے۔ یہ فیصلہ اس کے لیے انتہائی مشکل ہوچکا ہے ۔ مہنگائی کے باعث غریب طبقے کے ساتھ ساتھ سفید پوش خاندان بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔عوامی حلقوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کے حقوق اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہوگیا ہے ۔ حکومت کو عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کے لیے عملی اور فوری اقدامات کرنا ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments