سکولوں میں داخلوں ،نتائج میں بہتری کیلئے اقدامات کا فیصلہ
سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل کی زیرِ صدارت اجلاس، طلبہ کی تعداد بڑھانے پر زور
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راحیلہ جمیل کی زیرِ صدارت ضلع میں بچوں کے سکولوں میں داخلوں اور تعلیمی نتائج میں بہتری کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں طلبہ کی تعداد میں اضافے ، بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی، معیارِ تعلیم مزید بہتر بنانے اور تعلیمی نتائج میں بہتری کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے سی ای او ایجوکیشن راحیلہ جمیل نے کہا کہ متعلقہ افسران اپنے زیرِ انتظام سکولوں کی کارکردگی، طلبہ کی تعلیمی استعداد اور داخلوں کی صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ رہیں اور طلبہ کی تعداد میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔
تمام افسران اپنے متعلقہ سکولوں کی مکمل فہرست اپنے پاس رکھیں اور ہر سکول میں طلبہ کے داخلوں اور تعلیمی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ جن سکولوں میں تعمیراتی کام جاری ہے ، وہاں سکول انتظامیہ اور متعلقہ عملہ اس امر کو یقینی بنائے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور انہیں محفوظ، سازگار اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے ۔اجلاس میں طلبہ کی لکھنے کی صلاحیت بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ اساتذہ کو پابند کیا گیا کہ وہ طلبہ کی تحریری صلاحیتوں میں بہتری کے لیے خصوصی تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں اور ان کی تعلیمی استعداد بڑھانے پر بھرپور توجہ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments