فصلوں کی باقیات جلانے کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری :وزیرزراعت
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کیلئے جاری عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکا جا رہا ہے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور تنبیہی نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں۔ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کیلئے متبادل سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل صوبے میں سپر سیڈرز کی تعداد تقریباً 300 تھی، جو موجودہ حکومت کی جانب سے سبسڈی کی فراہمی کے بعد بڑھ کر 10 ہزار ہوگئی ہے ۔ اسی طرح بیلرز کی تعداد 4 سے بڑھ کر تقریباً 150 جبکہ ہارویسٹرز کی تعداد 100 سے بڑھ کر تقریباً 450 ہوچکی ہے ۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور دھان کی فصل کی مکمل کٹائی تک یہ مہم جاری رہے گی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے صوبائی اور ضلعی سطح پر فوکل پرسنز بھی مقرر کردیئے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments