جواد کرکٹ کلب نے پی سی بی و جے ٹیکس ٹورنامنٹ جیت لیا

جواد کرکٹ کلب نے پی سی بی و جے ٹیکس ٹورنامنٹ جیت لیا

نیشنل جم خانہ کرکٹ کلب کو 3 وکٹوں سے شکست، محمد عرفان خان مین آ ف دی میچ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور جے ٹیکس کلب کے زیر اہتمام کرکٹ ٹی ٹونٹی ناک آؤٹ ٹورنامنٹ 2026ء کے فائنل میں جواد کرکٹ کلب نے نیشنل جم خانہ کرکٹ کلب کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فیصل آباد کے 82 رجسٹرڈ کلبوں کی چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ مین آف دی میچ محمد عرفان خان نیازی قرار پائے ۔جواد سپورٹس اینڈ کلچرل کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں جواد کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کر نیشنل جم خانہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیشنل جم خانہ کی ٹیم 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عبداللہ شاہد نے 53، تبسل عباس نے 22 جبکہ سعد محمود ڈار نے 18 رنز بنائے ۔جواد کرکٹ کلب کی جانب سے قومی کھلاڑی محمد عرفان خان نیازی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مومن قمر نے 16 رنز کے عوض 2 جبکہ محسن جون نے 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواد کرکٹ کلب نے مطلوبہ 131 رنز کا ہدف 16.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جہانزیب نوید نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے اور 38 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ محمد حسنین نے 29 جبکہ محمد عرفان خان نیازی نے 20 رنز بنائے ۔ نیشنل جم خانہ کی جانب سے محمد فیضان اور اسد رضا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...