چنیوٹ: ایف بی آر کا چھوٹے دکانداروں کیلئے آگاہی سیمینار
چھوٹے دکانداروں کو پی او ایس، ڈیجیٹل انوائس اور آڈٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ہاؤس چنیوٹ میں چھوٹے دکانداروں کیلئے رہنمائی اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ان لینڈ ریونیو آفیسر رانا محمد ارشد نے دکانداروں سے ملاقات کی اور انہیں ایف بی آر کی جانب سے شروع کی گئی خصوصی اسکیم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے چھوٹے دکاندار جن کا سالانہ ٹرن اوور 20 کروڑ روپے تک ہے ، وہ صرف 25 ہزار روپے تک ٹیکس ادا کریں گے جبکہ چھوٹے دکانداروں کو پی او ایس، ڈیجیٹل انوائس اور آڈٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دکاندار آسان ٹیکس ایپ کے ذریعے رجسٹریشن اور گوشوارہ جمع کرا سکتے ہیں۔ ان لینڈ ریونیو آفیسر نے کہا کہ ٹیکس نظام سے متعلق آگاہی کا مقصد دکانداروں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ملکی ترقی اور معیشت کے استحکام میں ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کر سکے ۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ پریس کلب رجسٹرڈ سے وابستہ صحافیوں، ضلعی تاجران رجسٹرڈ چنیوٹ کے نمائندوں، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران و وکلا نمائندگان نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments