جڑانوالہ روڈ، لیبر کالونی میں قبضے برقرار، تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ نہ ہو سکا
پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی معاونت سے 1987ء میں لیبر کالونی بنی ، وزیراعلیٰ پنجاب کوٹہ کے 29 غیر الاٹ شدہ پلاٹس پر قبضہ ،متعدد مرتبہ لاہور کے متعلقہ دفتر کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) جڑانوالہ روڈ پر واقع لیبر کالونی راجہ غضنفر علی خاں میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضوں کا انکشاف ہوا ہے ، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی تاحال عملی شکل اختیار نہیں کر سکی۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی زمین پر مبینہ قبضوں کے باعث وزیراعلیٰ پنجاب کوٹہ کے 29 غیر الاٹ شدہ پلاٹس سمیت دیگر سرکاری رقبہ بھی متاثر ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔چک نمبر 228 ر ب کی حدود میں جڑانوالہ روڈ پر پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی معاونت سے 1987ء میں لیبر کالونی راجہ غضنفر علی خاں قائم کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق کالونی میں ڈسپوزل ورکس، ڈسپنسری اور کمرشل سنٹر کے لیے مختص سرکاری رقبے پر مبینہ طور پر قبضے قائم ہیں،قبضوں سے متعلق متعدد مرتبہ لاہور کے متعلقہ دفتر کو تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے ، تاہم کئی برس گزرنے کے باوجود مؤثر کارروائی نہ ہونے پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ڈائریکٹر لیبر ایسٹ نے 6 اپریل 2021ء کو پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ لاہور کو بھی اس صورتحال سے تحریری طور پر آگاہ کیا تھا۔ تاہم تاحال مبینہ قبضے ختم کرانے کے لیے آپریشن کی تاریخ اور وقت مقرر نہیں ہو سکا۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ لیبر کالونی کی سرکاری اراضی کا ریکارڈ اور تعمیرات کی مکمل جانچ کروا کر ناجائز قبضے ختم کرائے جائیں۔الاٹیز کا کہنا ہے لیبر کالونی کی سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے بھی واضح ڈیڈ لائن مقرر کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments