ڈینگی فری فیصل آباد ،ہاٹ سپاٹس پر توجہ دی جائے ، عمران نذیر
ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنما ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت کریں
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں، سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی انسپکشنز اور دیگر انسدادی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی فری بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر وہ مختلف ڈویژنز کا دورہ کر کے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاسوں کی صدارت کریں اور ضلعی ایمرجنسی رسپانس کمیٹی میں بھی اپنی شرکت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ سرگرمیوں میں ہیلتھ اتھارٹی کی معاونت اور شہریوں میں آگاہی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز سے بھی ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے ۔خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ طلبہ کو گھروں میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی چیکنگ اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے سے متعلق سوالنامے دیے جائیں، جنہیں مکمل کر کے واپس لیا جائے تاکہ بچوں میں احساس ذمہ داری پیدا ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments