ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ ، ناقص سلنڈر ، مسافروں اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرہ
غیر قانونی ری فلنگ پوائنٹس پر ویگنوں، رکشوں اور دیگر مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی منتقل کی جا رہی ہے ،سول ڈیفنس کی جانب سے عارضی کارروائیوں کے بعد خاموشی اختیار کر لی گئی ، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) محکمہ سول ڈیفنس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی مبینہ غفلت کے باعث شہر اور گردونواح میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کا سلسلہ جاری ہے ، جس سے مسافروں اور شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ چھوٹی دکانوں اور غیر قانونی ری فلنگ پوائنٹس پر حفاظتی انتظامات کے بغیر گاڑیوں اور گھریلو سلنڈرز میں گیس بھری جا رہی ہے ، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر معیاری اور غیر منظور شدہ سلنڈرز کا استعمال بھی بدستور جاری ہے ۔ غیر قانونی ری فلنگ پوائنٹس پر ویگنوں، رکشوں اور دیگر مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی منتقل کی جا رہی ہے ۔ ناقص سلنڈرز، زائد پریشر اور حفاظتی انتظامات کے فقدان کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ ہے۔
ماضی میں سلنڈرز پھٹنے کے متعدد واقعات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع جبکہ کئی مسافر زخمی ہو چکے ہیں، تاہم اس کے باوجود غیر قانونی ری فلنگ کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائیاں نہ ہونے سے صورتحال جوں کی توں ہے ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے گیس سلنڈر استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف شروع کیا گیا کریک ڈاؤن بھی کچھ عرصہ بعد غیر مؤثر ہو گیا، جبکہ سول ڈیفنس کی جانب سے عارضی کارروائیوں کے بعد خاموشی اختیار کر لی گئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ پوائنٹس کے خلاف بلاامتیاز اور مستقل آپریشن کیا جائے ، پبلک ٹرانسپورٹ میں نصب غیر محفوظ اور غیر منظور شدہ سلنڈرز بھی اتروائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments