گو جرہ :ہیلتھ کلینک میں سہولیات کا فقدان ، نومولود جاں بحق
محسن وارث نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو درخواست دیدی کارروائی کی استدعا
گوجرہ (نمائندہ دنیا)مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 418 ج ب میں مبینہ طور پر طبی سہولیات اور تربیت یافتہ عملے کی عدم دستیابی کے باعث نومولود بچے کی ہلاکت کا معاملہ سامنے آگیا۔ چک نمبر 418 ج ب کے رہائشی محسن وارث نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو درخواست دے کر کارروائی کی استدعا کردی۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنی اہلیہ کو ڈلیوری کے لیے مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 418 ج ب لے کر گیا، جہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔ مبینہ طور پر کلینک میں تجربہ کار اور تربیت یافتہ عملہ موجود نہ ہونے کے باعث پیدائش کے بعد بچے اور اس کی والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی۔ بچے کو آکسیجن کی کمی کا سامنا ہوا اور حالت بگڑنے لگی۔درخواست گزار کے مطابق کلینک میں مبینہ طور پر مناسب آکسیجن اور تربیت یافتہ طبی عملہ دستیاب نہ ہونے کے باعث نومولود کی حالت مزید تشویشناک ہوگئی، جسے بعدازاں چلڈرن ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ دوسری جانب بچے کی والدہ بھی مبینہ طور پر شدید جسمانی و ذہنی صدمے کے باعث ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔درخواست گزار نے مزید الزام عائد کیا کہ کلینک کے عملے اور ان کے بعض ساتھیوں کی جانب سے متاثرہ خاندان پر کارروائی سے باز رہنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے ۔ شہری کی درخواست پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے معاملے کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments