بنگلہ دیشی ہائی کمشنرکادورہ زرعی یونیورسٹی ، تعاون بڑھانے پر زور
پاکستان بنگلہ دیش کو مکئی و چاول برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا:اقبال خان
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے زرعی تحقیق، غذائی تحفظ اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے ۔انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے دوران دوسری بائیوٹیکنالوجی سوسائٹی آف پاکستان کانگریس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کانگریس کا انعقاد سینٹر فار بائیوکیمسٹری اینڈ بائیوٹیکنالوجی، مرکز برائے اعلیٰ تعلیم، ڈی ایٹ اور بائیوٹیکنالوجی سوسائٹی کے زیر اہتمام کیا گیا۔ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ بنگلہ دیش چاول اور مچھلی کی پیداوار میں بڑی حد تک خودکفیل ہے ، تاہم پولٹری اور ڈیری کی صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسے مکئی سمیت مختلف اجناس درآمد کرنا پڑتی ہیں۔ پاکستان اعلیٰ معیار کی مکئی اور چاول برآمد کرنے کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے ۔جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خلا پُر کرنے اور زرعی تجارت بڑھانے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے ۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی زرعی بنیادیں مشترک ہیں۔
انہوں نے علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستانی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا اور زرعی ترقی و تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی خدمات کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے ڈی ایٹ، سارک اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے کثیرالجہتی فورمز کے تحت دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ڈی ایٹ کے رکن ممالک کو غذائی تحفظ بہتر بنانے اور عوام کو سستی خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زرعی تحقیق، استعداد کار میں اضافے اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مضبوط کرنا چاہیے ۔ تقریب سے شاہد محمود، ڈاکٹر عبدالرشید، چین کے پروفیسر ہون منگ لام، پروفیسر رتنا کماری، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیوٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت علی، ڈاکٹر زنیرا افضل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments