کھرڑیانوالہ :تاریخی کنویں سمیت ترقیاتی منصوبے عدم توجہی کا شکار
ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ
بلوچنی (نمائندہ دنیا)کھرڑیانوالہ میں تاریخی مقامات کی حفاظت اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس حکام سے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ لاکھوں کی لاگت سے تزئین و آرائش کے بعد ڈی ایس پی آفس کے ساتھ واقع تاریخی کنواں ایک مرتبہ پھر خستہ حالی کا شکار ہو رہا ہے ، جبکہ اس کے سامنے ریڑھیوں نے مستقل ڈیرے جما رکھے ہیں۔ سماجی حلقوں نے میونسپل کمیٹی کھرڑیانوالہ اور ٹریفک حکام سے اپیل کی ہے شہر میں لاکھوں کی لاگت سے مکمل ہونے والے ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کی حفاظت اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر حکمت عملی وضع کی جائے۔
جڑانوالہ روڈ سے کھرڑیانوالہ میں داخلے کے مقام پر سیم پل کے قریب کھرڑیانوالہ قائم آباد رہے کا خوبصورت بورڈ نصب کرنے کے ساتھ شہریوں کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگائی گئی تھیں، لیکن اس کے سامنے سارا دن رکشے کھڑے رہنے کے باعث یہ مقام رکشہ سٹینڈ کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ رکشوں کی وجہ سے جھمرہ روڈ کے داخلی راستے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے ۔ اسی طرح ریسکیو 1122 کی جانب جانے والا راستہ، جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ سلپ روڈ اور باربی کیو روڈ بھی تجاوزات کی زد میں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments