پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم نہ ہو سکے

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم نہ ہو سکے

سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے تاحال نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا جا سکا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہو سکی، جس کے باعث مسافروں کو بدستور پرانے اور مہنگے کرایے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔ دوسری جانب سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بھی تاحال نیا کرایہ نامہ جاری نہیں کیا جا سکا، جس سے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان کرایوں کے معاملے پر ابہام برقرار ہے ۔شہریوں کے مطابق جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیتے ہیں، لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود کرایے کم کرنے کے لیے کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آتا۔ اس صورتحال کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ملازمت پیشہ افراد، مزدوروں، طلبہ اور دیگر مسافروں کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ٹرانسپورٹ کے اخراجات کا اہم حصہ ہیں، اس لیے ان کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی نظر آنا چاہیے ۔ تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا بوجھ فوری طور پر عوام پر منتقل کر دیا جاتا ہے ، جبکہ کمی کا فائدہ مسافروں تک پہنچانے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات نہیں کیے جاتے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری آر ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام روٹس کے کرایوں کا فوری ازسرنو تعین کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...