ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم
پرانا شجاع آباد روڈ کی خوبصورتی کے کام مکمل، بحالی، فٹ پاتھ، گرین بیلٹس اور نکاسی آب بہتر ،شہر کے داخلی راستوں کی خوبصورت بنایا،غیر قانونی یوٹرنز بند، سڑکوں کی مرمت کی جائےکمشنر کا اجلاس، دورہ، ایم ڈی اے ، واسا، پی ایچ اے کو زیر التوا ترقیاتی کام مکمل کرنیکی ڈیڈ لائن، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور ناقص معیار پر عدم برداشت کااعلان،شجر کاری اورصفائی پر زور
ملتان (وقائع نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے پرانی شجاع آباد روڈ کی بحالی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو تمام زیر التوا ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑک کے اطراف فٹ پاتھ، ڈرینز، گرین بیلٹس، داخلی راستوں اور بس اسٹاپس کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور بہتر سفری ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ کمشنر نے غیر قانونی یوٹرنز بند کرنے ، فٹ پاتھوں اور ڈرینز پر غائب ٹف ٹائلز اور سلیبیں نصب کرنے ، سائن بورڈز کی غیر ضروری بنیادیں ختم کرنے ، سڑک کا پیچ ورک مکمل کرنے اور ملبہ اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر مقام پر کام کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تصاویر محفوظ رکھی جائیں تاکہ پیش رفت کی تصدیق ممکن ہو۔ایم ڈی اے کو پیچ ورک، غیر قانونی یوٹرنز کی بندش، ٹف پیورز اور ڈرینز کی سلیبوں کی تنصیب، پرانی بنیادوں کے خاتمے اور ملبہ اٹھانے کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ واسا کو اپنے حصے کا پیچ ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستے شہریوں اور باہر سے آنے والے افراد پر پہلا تاثر قائم کرتے ہیں، اس لیے ان کی خوبصورتی اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے پی ایچ اے کو ناگ شاہ انٹری گیٹ کے دونوں اطراف موسمی پھولوں کی کیاریاں تیار کرنے ، گرین بیلٹس اپ گریڈ کرنے اور نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر کی دیوار کے سامنے بیوٹیفکیشن پلان پر عمل درآمد کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ صرف مرکزی میڈین کی خوبصورتی کافی نہیں، بلکہ سڑک کے دونوں اطراف صفائی، شجرکاری اور پودوں کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے ۔ خشک اور خراب پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جائیں۔کمشنر نے بس اسٹاپ شیڈز کی مرمت، ناگ شاہ فلائی اوور کی پینٹنگ اور اس کے دونوں اطراف ڈرینز کی صفائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈسٹرکٹ کونسل کو بس اسٹاپس کے خراب حصوں کی تبدیلی اور نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔ انہوں نے نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی اور متعلقہ رہائشیوں و دکانداروں کو جاری نوٹسز پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔پی ایچ اے حکام نے بتایا کہ ناگ شاہ سے شیر شاہ تک گرین بیلٹ کی بہتری اور پودوں کی دیکھ بھال کا کام کیا گیا ہے ، جبکہ ناگ شاہ گیٹ سے گلانی فلائی اوور تک سڑک کے دونوں اطراف بہتری کے اقدامات آئندہ ایک ہفتے میں مکمل کر لیے جائیں گے ۔کمشنر عامر کریم خاں نے تمام محکموں کو باہمی رابطے سے کام کرنے اور ہر منصوبے کی تکمیل کی تاریخ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور ناقص معیار برداشت نہیں کیا جائے گا۔دریں اثناء کمشنر ملتان نے رات گئے برینڈ روڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے عطاالحق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشرالرحمن اور ڈائریکٹر انجینئرنگ ابوبکر بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے کنٹریکٹر کو موقع پر طلب کرکے منصوبے کی تکمیل سے متعلق بریفنگ لی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments