ڈپٹی کمشنر کے دورے ، صفائی، تجاوزات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ
غیر قانونی ذبح کے خلاف کارروائیوں کا بھی معائنہ ، متعلقہ محکموں کو ہدایات
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح شہر کی مختلف شاہراہوں اور علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے ، گرین بیلٹس کی خوبصورتی، جاری ترقیاتی کاموں اور غیر قانونی ذبح کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں ،ڈپٹی کمشنر نے علی الصبح سیالکوٹ روڈ کا دورہ کیا، جہاں زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا اور گرین بیلٹ پر تعمیراتی سامان غیر قانونی طور پر رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عمارت کے مالکان کو طلب کر لیا۔ انہوں نے فوری طور پر گرین بیلٹ سے تعمیراتی سامان ہٹانے کی ہدایت کی گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کچا ایمن آباد روڈ پر قائم عارضی ویسٹ ٹرانسفر پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، ٹرانسفر پوائنٹ کی باقاعدہ صفائی اور مؤثر ویسٹ مینجمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔سیالکوٹ روڈ اور ڈی سی آفس چوک کے دورے کے دوران گرین بیلٹس اور چوکوں چوراہوں کی تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے موسمی پھولدار پودوں کی شجرکاری، نئے یادگاری ڈھانچوں کی تنصیب اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو مرکزی شاہراہوں کی خوبصورتی، صفائی اور گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے گھوڑا دوڑ روڈ پر غیر قانونی طور پر جانور ذبح کرنے والے قصاب کا بھی نوٹس لیا اور اسے وارننگ جاری کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر قانونی ذبح خانوں اور غیر صحت بخش طریقے سے گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments