ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ کی لیزر مشین طویل عرصے سے خراب
آنکھوں کے مریض پریشان،غریب اور متوسط طبقے کے افراد پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے شعبہ امراضِ چشم میں آنکھوں کی جھلی ختم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی لیزر مشین طویل عرصے سے خراب پڑی ہے ، جس کے باعث سرکاری ہسپتال میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مشین کی خرابی کے باعث مریض مجبوراً نجی ہسپتالوں اور پرائیویٹ کلینکس سے مہنگا علاج کروانے پر مجبور ہیں، جس سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کے افراد پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق آنکھوں کے آپریشن کے بعد جھلی بننے اور دیگر متعلقہ مسائل کا شکار مریض جب ڈی ایچ کیو ہسپتال سے رجوع کرتے ہیں تو مطلوبہ لیزر سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث انہیں دوسرے مراکز سے علاج کروانے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ سرکاری ہسپتال سے علاج کی امید لے کر آنے والے مریضوں کو نہ صرف اضافی وقت اور اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ بعض کو دوسرے شہروں کا رخ بھی کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کا بنیادی مقصد عام آدمی کو مہنگے نجی علاج سے بچانا ہے ، لیکن جدید طبی مشینری کی خرابی اور اس کی بروقت مرمت نہ ہونے کے باعث عوام اس بنیادی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں۔ ایک طرف مہنگائی نے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے تو دوسری جانب آنکھوں جیسے حساس عضو کے علاج کے لیے بھاری رقم خرچ کرنا بھی عام شہریوں کے لیے آزمائش بن چکا ہے ۔شہری حلقوں کے مطابق آنکھوں کے امراض میں بروقت تشخیص اور علاج انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم ضروری مشینری کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو انتظار، اضافی اخراجات اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بالخصوص بزرگ شہریوں، خواتین اور محدود آمدنی والے خاندانوں کے لیے یہ صورتحال زیادہ پریشان کن ہے ۔شہریوں نے صوبائی وزیر صحت، سیکرٹری صحت پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شعبہ امراضِ چشم میں خراب لیزر مشین کی فوری مرمت یا متبادل مشین کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments