بھینس دودھ میلہ، سدھو پورہ کے رانا اکرام نے میدان مار لیا
دودھ کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ،عجوہ 49.490 کلوگرام دودھ دیکر اول
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام چک 100 ج ب میں منعقدہ بھینس دودھ میلہ میں چک 123 ج ب سدھو پورہ کے گوالہ رانا اکرام نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر لیں۔ بڑی بھینسوں کے دودھ مقابلے میں ان کی بھینس عجوہ نے 49.490 کلوگرام دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور ایک لاکھ روپے کا نقد انعام جیت لیا۔اسی طرح دو دانت اور چار دانت بھینسوں کے مقابلے میں بھی رانا اکرام کی بھینس قمرہ نے 38.600 کلوگرام دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور 125 سی سی ہنڈا موٹر سائیکل اپنے مالک کے نام کر دی۔بڑی بھینسوں کے مقابلے میں ساہیوال کے ارحم گجر کی بھینس مورنی اور سدھو پورہ کے رانا عدیل کی بھینس چن ٹو نے مشترکہ طور پر 44.235 کلوگرام دودھ دے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دونوں مالکان کو 50، 50 ہزار روپے نقد اور 125 سی سی ہنڈا موٹر سائیکل کے انعامات دیے گئے ۔
لاہور کے ملک سیف اعوان کی بھینس رتاں نے 43.255 کلوگرام دودھ دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، جس پر انہیں 70 سی سی موٹر سائیکل کا انعام دیا گیا۔دو دانت اور چار دانت بھینسوں کے مقابلے میں چک 208 ر۔ب کے رانا عبدالرحمان کی بھینس نکی ہرنی نے 36.780 کلوگرام دودھ دے کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور 70 سی سی ہنڈا موٹر سائیکل کا انعام جیتا۔ جبکہ سدھو پورہ کے رانا اکرام کی بھینس قصوہ نے 33.975 کلوگرام دودھ دے کر تیسری اور ان ہی کی بھینس ورد نے 31.095 کلوگرام دودھ دے کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ دونوں بھینسوں کی کامیابی پر بالترتیب 70 سی سی موٹر سائیکل اور ایل سی ڈی کے انعامات دیے گئے ۔اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان مہمان خصوصی تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments