ای خدمت مرکز ٹوبہ سے ڈومیسائل کے اجرا کی سہولت فراہم
ٹوبہ ، گوجرہ، کمالیہ اور پیر محل کے شہریوں کو بھی ڈومیسائل جاری کرنے کے احکامات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلعی انتظامیہ نے ای خدمت مرکز ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ضلع کی تمام تحصیلوں کے شہریوں کو ڈومیسائل کے اجرا کی سہولت فراہم کر دی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ضلعی صدر مقام پر واقع ای خدمت مرکز سے تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاوہ گوجرہ، کمالیہ اور پیر محل کے شہریوں کو بھی ڈومیسائل جاری کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔اس اقدام کے تحت اب ضلع کی چاروں تحصیلوں کے شہری اپنی سہولت اور مرضی کے مطابق ای خدمت مرکز ٹوبہ سے ڈومیسائل بنوا سکیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گوجرہ، کمالیہ اور پیر محل کے متعلقہ تحصیل دفاتر میں ڈومیسائل کے اجرا کا معمول کا طریقہ کار بدستور جاری رہے گا، جبکہ ای خدمت مرکز سے ڈومیسائل بنوانے کی سہولت ان تحصیلوں کے شہریوں کے لیے اضافی سہولت ہوگی۔ شہری اپنی آسانی کے مطابق کسی بھی دستیاب طریقہ کار سے استفادہ کر سکیں گے ۔اس سے قبل ای خدمت مرکز سے صرف تحصیل ٹوبہ کے شہریوں کو ڈومیسائل کے اجرا کی سہولت حاصل تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے انچارج ای خدمت مرکز کو ہدایت کی ہے کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ضلع کی تمام تحصیلوں کے شہریوں کو بلا تفریق ڈومیسائل جاری کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے موصول ہونے والی اضافی درخواستوں کو روزانہ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنر کے تعاون سے نمٹایا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments