پویس اہلکاروں پر مجرموں کی سرپرستی، رشوت کے الزامات
اہلکاروں کی جانب سے بھاری نذرانے وصول کرنے کے انکشافات نے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ، شہریو ں کو ہراسان کرنے کے بھی الزامات
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر کو جرائم سے پاک کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کے دعوؤں کے برعکس پولیس افسران اور اہلکاروں کے مبینہ طور پر منشیات فروشی، شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے اور رشوت وصول کرنے جیسے سنگین الزامات سامنے آنے لگے ہیں۔ بااثر اور ہائی پروفائل روابط رکھنے والے ریکارڈ یافتہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر ان کی سرپرستی اور بھاری نذرانے وصول کرنے کے انکشافات نے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ دوسری جانب مبینہ بدعنوانی اور جرائم میں ملوث رہنے پر معطل یا ملازمت سے برطرف کیے جانے والے اہلکاروں کی دوبارہ بحالی اور اہم عہدوں پر تعیناتی کا سلسلہ بھی تشویش کا باعث بن رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں تعینات بعض افسران اور اہلکار مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور جرائم کی روک تھام کے بجائے ان سے بھاری رقوم وصول کرنے میں ملوث ہیں۔ ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، تاوان، بھتہ خوری، منشیات فروشی، جوئے اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے بھی متعدد شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ بعض اہلکاروں پر خود غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حال ہی میں تھانہ گلبرگ کے علاقے میں ایس ایچ او کے ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر ایس ایچ او کی سرکاری گاڑی میں منشیات فروخت کیے جانے کے انکشافات سامنے آئے ۔
اسی طرح تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے سابق ایس ایچ او، ایک تفتیشی افسر اور دیگر اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے اغواء کے ایک مقدمے میں ماں اور بیٹی کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی حراست میں رکھا اور مبینہ طور پر رہائی کے عوض لاکھوں روپے رشوت وصول کی۔ چند ماہ قبل تھانہ سمن آباد کے سابق ایس ایچ او کے قبضے سے بھی مبینہ طور پر بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی، جس کے حوالے سے تھانہ اینٹی نارکوٹکس فورس میں مقدمہ درج کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کے علاوہ بھی متعدد شکایات سامنے آتی رہتی ہیں، جن میں بعض پولیس افسران اور اہلکاروں پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ہراساں کرنے ، غیر قانونی حراست میں رکھنے اور مبینہ طور پر رشوت وصول کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ شکایات موصول ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے ، معطل کرنے یا ملازمت سے برطرف کرنے جیسے اقدامات تو کیے جاتے ہیں، تاہم بعض معاملات میں کچھ عرصے بعد دوبارہ بحالی اور اہم عہدوں پر تعیناتی کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی ذمہ داری ادا کرنے والے اہلکاروں پر ہی اگر سنگین الزامات سامنے آنے لگیں تو اس سے عوام کا پولیس پر اعتماد متاثر ہوتا ہے ۔ شہریوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ بدعنوانی، منشیات فروشی، غیر قانونی حراست اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments