سیف سٹی اور پنجاب ہائی وے پٹرول میں مؤثر تعاون پر اتفاق
جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے گا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن محمد طارق ملک نے ایس پی سیف سٹی فیصل آباد رضا اللہ خان سے ملاقات کی، جس میں پنجاب ہائی وے پٹرول اور سیف سٹی کے مابین جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، مشکوک افراد کی نقل و حرکت کی نگرانی اور جرائم کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سیف سٹی کے جدید کیمروں اور مانیٹرنگ سسٹم سے استفادہ کرتے ہوئے شاہراہوں پر جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے ، مشکوک گاڑیوں اور افراد کی نشاندہی، مطلوب ملزمان کی آمدورفت کی نگرانی اور جرائم سے متعلق اہم معلومات کے بروقت تبادلے کے امور زیرِ بحث آئے ۔اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ سیف سٹی کے کیمروں سے حاصل ہونے والی معلومات اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے فیلڈ نیٹ ورک کے درمیان مؤثر روابط کو فروغ دیا جائیگا تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ایس پی محمد طارق ملک نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اداروں کے باہمی تعاون سے شاہراہوں کو محفوظ بنانے ، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلیے مزید بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments