گجرات چیمبر نے ہمیشہ کھیل کے فروغ کیلئے کام کیا:باؤ منیر
گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر )صدر گجرات چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری باؤ منیر پشاوری نے کہا ہے کہ گجرات چیمبر نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کیا ہے ۔
ہر قدم پر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ نوجوان نسل آگے بڑھے اور اپنی صلاحیتوں کا ہر میدان میں لوہا منوائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ماس ریسلنگ ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے صدر احتشام اکمل چیچی اور دیگر عہدیداران کو گجرات چیمبر میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ماس ریسلنگ کی ٹیم کی پہلے بھی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی کریں گے ۔ اس موقع پر صدر گجرات چیمبر باؤ منیر پشاوری نے نو منتخب عہدیداران کو ہار پہنائے اور پنجاب سپورٹس کے نمائندہ کو امین فین کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر چوہدری وحید الدین سابق صدر گجرات چیمبر ، عامر نعمان ، راجہ تیمور طارق، صدر گجرات پریس کلب نوید شاہ و دیگر موجود تھے ۔