بلدیات پرصوبائی حکومتوں کاقبضہ ناقابل قبول:ڈاکٹر طارق
ایکٹ جمہوریت پر دھبہ ،ارکان اسمبلی سڑکیں بنتے ،قانون سازی کہیں اور سے ہوتی
گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پنجاب کے ا میرڈاکٹرطارق سلیم نے اسلامک سنٹر میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے جوبلدیاتی ایکٹ پاس کیاہے وہ جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے اورایسے کالے قانون کونامنظورکرتے ہوئے ملک گیراحتجاج کیاجائیگا، ایم این اے کا کام گلیاں، سڑکیں بنانانہیں بلکہ اسمبلی میں آئین سازی کر اناہے مگرافسوس یہاں سڑکیں ایم این اے سے بنوائی جاتی ہیں اورآئین سازی کہیں اورسے کر ائی جاتی ہے ، ایم پی اے کا کام صوبائی سطح پرقانون سازی کرواناہے کونسلرکے کام کر انانہیں مگرپنجاب میں تمام قوانین وزیراعلیٰ سے شروع ہوکروہیں ختم ہوجاتے ہیں، ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ چیئرمین اورکونسلرکے اختیار ایم این اے ، ایم پی اے کودینے کامقصد کرپشن کے مزید دروازے کھولناہے ،یہ صرف نعرے ہی لگاتے ہیں کہ ووٹ کوعزت دو یہ عوام کا مسئلہ ہے یہ عام ورکرکامعاملہ ہے ، ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکومت نے سارے کے سارے محکمے اپنے اندررکھ لیے ہیں حکومت کہتی ہے کہ ان کی گورننس بہت اچھی ہے تو یہ پھراپنے اختیارات دینے سے کیوں گھبراتے ہیں، انہوں نے کہاکہ نچلی سطح پر عوام کواختیارات کی منتقلی کے بجائے بلدیاتی نظام پرصوبائی حکومتوں کاقبضہ ناقابل قبول ہے پنجاب کا2025بلدیاتی ایکٹ کالا قانون ہے ، اس کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی ۔