14ارب روپے کے سیوریج میگا پراجیکٹ پر کام تیز کر دیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرگودہا شہر کے سیوریج نظام کی بہتری کے لیے منظور کیے گئے 14 ارب روپے کے میگا پراجیکٹ پر کام تیزکر دیا گیا،اس منصوبے کا مقصد شہر کے دیرینہ سیوریج مسائل کا مستقل حل فراہم کرنا ہے ، جس کے لیے مختلف مقامات پر عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واسا کی جانب سے بارشی پانی کے ذخیرے کے لیے کمپنی باغ اور رحمت اللعالمین پارک میں تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس کی سائٹس کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایم ڈی واسا ابو بکر عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی باغ، رحمت اللعالمین پارک اور بلاک نمبر 32 میں تین زیرِ زمین سٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جو 30 اپریل تک مکمل کر لیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی باغ میں ڈیڑھ ملین گیلن جبکہ رحمت اللعالمین پارک میں ایک ملین گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ ان ٹینکس سے بارش کے پانی کو محفوظ بنا کر سیوریج نظام پر دباؤ کم کرنے اور نکاسی آب کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ سیوریج میگا پراجیکٹ سرگودہا شہر کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا ریلیف مل سکے ۔