حافظ آباد:اساتذہ کے تبادلے ، سکرو ٹنی کمیٹی کام مکمل نہ کر سکی

حافظ آباد:اساتذہ کے تبادلے ، سکرو ٹنی کمیٹی کام مکمل نہ کر سکی

جانچ پڑتال کا آغاز نہ ہونے پر غیر یقینی صورتحال ،دور دراز سے آئے اساتذہ مایوس

حافظ آباد(نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار)چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن حافظ آباد کی جانب سے ہارڈشپ بنیادوں پر تبادلوں کیلئے قائم کی گئی سکروٹنی کمیٹی مقررہ تایخ 22 دسمبر کو اساتذہ و معلمات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا عمل شروع نہ کر سکی جس کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والے مرد و خواتین اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سارا دن انتظار کے بعد مایوس ہو کر لوٹنے پر مجبور ہو گئے ۔ ہارڈشپ کیٹیگری کے تحت تبادلہ کے خواہشمند اساتذہ اور معلمات مقررہ وقت پر سی ای او ایجوکیشن آفس پہنچے ، جہاں انہیں سکروٹنی کے عمل کا آغاز نہ ہونے پر غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہا۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہیں نہ تو کسی پیشگی اطلاع کے ذریعے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی متبادل تاریخ یا واضح لائحہ عمل فراہم کیا گیا جس سے خاص طور پر خواتین اساتذہ کو شدید ذہنی اور سفری مشکلات برداشت کرنا پڑیں۔متاثرہ اساتذہ نے شکوہ کیا کہ ہارڈشپ بنیادوں پر تبادلہ کی درخواستیں عموماً سنگین ذاتی مسائل، طبی وجوہات اور خاندانی مجبوریوں کے تحت دی جاتی ہیں، ایسے میں سکروٹنی کا عمل مؤخر ہونا ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہا ہے ۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے اساتذہ نے سفری اخراجات، وقت کے ضیاع اور انتظامی بے ترتیبی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں