تھانہ علی پور چٹھہ کے 2 تھانیدار کرپشن الزامات پر برطرف
اے ایس آئی ذوالقرنین سیکھو اور کرامت علی پر دوران انکوائری الزامات ثابت
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )تھانہ علی پور چٹھہ میں کرپشن، بدعنوانی اور دیگر سنگین الزامات پر سی پی او گوجرانوالہ نے بڑا انتظامی قدم اٹھاتے ہوئے دو اے ایس آئیز کو نوکری سے فارغ کر دیا۔ تھانہ علی پورچٹھہ میں تعینات اے ایس آئی ذوالقرنین سیکھو اور اے ایس آئی کرامت علی کو کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر معاملات پر شوکاز نوٹس جاری کیے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کے دوران دونوں اہلکاروں پر عائد الزامات ثابت ہو گئے تاہم وہ متعدد بار انکوائری میں پیش ہونے سے بھی گریز کرتے رہے جس پر سی پی او گوجرانوالہ نے محکمانہ کارروائی مکمل کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی کرامت علی اس سے قبل بھی رسول نگر میں سنگین واقعہ میں ملوث رہا جہاں ملزمان کو برہنہ کرنے کے الزام میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اے ایس آئی ذوالقرنین سیکھو طویل عرصے سے تھانہ علی پور چٹھہ میں تعینات تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران اس پر میرٹ کی خلاف ورزی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور انصاف کے تقاضوں کو پامال کرنے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ۔