رانا نذیر احمد نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی

 رانا نذیر احمد نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی

کامونکے (تحصیل رپورٹر)استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خاں نے روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ انہوں نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے ،اب ان کی ترجیح صرف عوامی خدمت ہے ۔

 انہوں نے واضح کیا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل نجات کا راستہ ہے ، یہی خدمت دنیا میں بھی سکون دیتی ہے اور آخرت میں بھی کامیابی کا سبب بنتی ہے ،رانا نذیر احمد خاں نے کہا کہ وہ جو بھی کام کر رہے ہیں خالص نیت کے ساتھ اور اﷲ کی رضا کیلئے کر رہے ہیں،انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ان کی خدمت کا مقصد ووٹ حاصل کرنا نہیں، وہ اپنے تجربات اور مشاہدات کو اپنے علاقے کے لوگوں کے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اصل سیاست وہی ہے جو عام آدمی کی زندگی آسان بنائے ،انہوں نے آئندہ لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان کی وزارت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔ ان کی کوشش ہو گی کہ مہہ چٹھہ کے قریب موٹروے سے کامونکے کیلئے براہ راست راستہ حاصل کیا جائے ،منصوبے سے نہ صرف کامونکے بلکہ گرد و نواح کے دیہات کے عوام کو بھی فائدہ ہو گا۔ موٹروے تک رسائی آسان ہونے سے سفر کا وقت کم ہو گا اور روزمرہ زندگی میں سہولت پیدا ہو گی،پارٹی کنونشن سے متعلق انہوں نے بتایا کہ صدر علیم خان کی مصروفیت کے با عث 4 جنوری کی تاریخ تبدیل کر کے 11 جنوری کر دی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں