احمد نگر چٹھہ:ڈمپرز کی آ مد و رفت سے سڑکیں برباد
احمد نگر چٹھہ (نمائندہ دنیا )ڈمپروں کی آ مد ورفت نے اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے سنگل روڈ ناکارہ بنا دئیے ، ٹریفک حادثات میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
ہیڈخانکی سے براستہ احمد نگر چٹھہ گکھڑ اور گوجرانوالہ جانے والے سینکڑوں ڈمپرز سڑک کی تباہی کے ساتھ شہریوں کو لقمہ اجل بنانے لگے ،شہر میں ٹریفک کنٹرول کی بدترین بدنظمی کے باعث جان لیوا حادثات معمول بن چکے ہیں ڈمپر رش والے مقام سے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گزرتے ہیں اور بچوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملتا ۔ علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وارڈن ٹریفک کنٹرول کرنے کے بجائے مخصوص مقامات پر چھپ کر ناکے لگا کر صرف موٹرسائیکل سوار اور فیملیز والی گاڑیوں کو روک کر جرمانے کرنے میں مصروف رہتے ہیں جبکہ ڈمپرز پولیس کی ناقص حکمت عملی اور عدم نگرانی کے باعث شہر کے سنگل روڈ سے گزر رہے ہیں۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے نو ٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔